طلباء کو منشیات فروش کرنے والا ملزم گرفتار

طلباء کو منشیات فروش کرنے والا ملزم گرفتار

 ایک نیوز: لاہور جنوبی چھاؤنی کے علاقے میں نجی یونیورسٹی کے ہاسٹل کے قریب   منشیات فروشی کرنے والا ملزم پکڑا گیا ۔

 ایس پی کینٹ اویس شفیق  کے مطابق ملزم عتیق سے 2 کلو گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ ملزم نے تعلیمی اداروں،ہوسٹلز کے اطراف میں نوجوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیاہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے جبکہ ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

 ایس پی کینٹ اویس شفیق کا مزید کہنا تھا کہ نو جوان نسل کی بربادی کا سبب بننے والے منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اے این ایف نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کو پارٹی ڈرگز کی سمگلنگ اور تقسیم و ترسیل کے خلاف اے این ایف نے اہم آپریشن کرتے ہوئے کراچی گلستانِ جوہر میں واقع فلیٹ سے 4 کلو 590 گرام ویڈ برآمد کر لی ہے۔ جس میں ملوث نوشہرہ کی رہائشی خاتون کو  گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 

اے این ایف نے راولپنڈی جی ٹی روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے  3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن سے  30 نشہ آور گولیاں اور 250 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ اورکزئی کے قریب کاروائی کرتے ہوئے پلاسٹک کے تھیلوں سے 48 کلو چرس بھی برآمد کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ کراچی میں بلال چورنگی کے قریب اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے 48 کلو چرس برآمد کی ہے جس میں ملوث قلعہ عبداللّہ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔چمن پاک افغان بارڈر کے قریب بھی اے این ایف نے کاروائی کرتے ہوئے  پلاسٹک کے تھیلوں سے 9 کلو 774 گرام آئس برآمد کی ہے۔