پولیس افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

پولیس افسر بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

ایک نیوز :  پنجاب بھرمیں جعلی پولیس آفیسربن کر شہریوں کو لوٹنے والے مختلف گروہوں کے 5 سرغنہ پکڑے گئے۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم فیصل آباد نے جعلی پولیس افسران بن کر شہریوں کو لوٹنے والے ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیاہے۔ ملزمان خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو کال کرتے تھےاور کسی رشتےدار کی جعلی گرفتاری کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے پیسے بٹور لیتے تھے۔ گرفتار ملزمان مختلف شکایت کنندگان سے 12 لاکھ روپے بٹور چکے تھے۔ ملزمان مطلوبہ رقم کی وصولی کے لئے جعلی ایزی پیسہ اور جازکیش اکاونٹس استعمال کرتے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق جھاپہ مار ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز برآمد کر لئے۔ملزمان عوام کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے وائرلیس کی ریکارڈیڈ آواز کا بھی استعمال کرتے تھے۔گرفتار ملزمان میں محمد منیر، عنصر عباس، عامر، محمد عمران اور محمد اسلم شامل ہیں۔ملزمان کو جھنگ سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے خلاف ییکا ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئےگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی ISI ایجنٹس کو گرفتار کر لیا تھا۔  ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق شیر شاہ کے علاقے اکبر روڈ، ماشاءاللہ گودام کے پاس دوران گشت پولیس نے  مشکوک جانتے ہوئے تین موٹر سائیکل سوارافراد کو روکا تھا۔پولیس کی جانب سے تفتیش کرنے پر تینوں ملزمان نے پاکستان آرمی سے اپنی وابستگی ظاہر کی اور آرمی سروس کارڈز بھی شو کروائے تھے۔ پولیس کی جانب سے معلومات حاصل کرنے  پر معلوم ہوا کہ ان کا آرمی سے کوئی تعلق نہیں ۔ملزمان کے قبضے سے جعلی ISI ایجنٹس کارڈز، مختلف ایجنسیوں کے جعلی سروس کارڈز اور ATM کارڈز وغیرہ برآمد ہوئے ۔ ملزمان کے پاس سے کل رقم 61,900 روپے اس کے ساتھ 4 عدد بینک کے چیک اور ایک عدد رولیکس گھڑی برآمد ہوئی تھی۔