ایک نیوز:شہر اقتدار میں ابر رحمت برس رہی ہے ، ٹھنڈی ہواؤں نے موسم مزید سرد کر دیا ہے بارش کا یہ سلسلہ کل شام تک جاری رہے گا ،شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب میں بارش اور ژالہ باری، پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، مری اور گلیات میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے۔
ادھر آزاد کشمیر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔دارالحکومت مظفرآباد میں رات سے بونداباندی جاری ہے اور پہاڑوں پر برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔بارش اور برفباری سے سردی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، سیاحتی مقامات پیر چناسی، سراں، کوہ مکڑہ، گنگا چوٹی، نیلم کے پہاڑوں پر برف کے ڈھیرے۔برف باری سے مختلف رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ہیں،بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ 2روز تک جاری رہے گا۔
مزید برآں برفباری کی وجہ سے وادی لیپا شاہراہ ایک بار پھر بند ہونے کا خدشہ ہے، شدید برف پڑنے کی وجہ سے وادی گریس شاہراہ 23 روز سے بدستور بند ہے، فاروڈ کہوٹہ حویلی کی رابطہ سڑکیں بھی برفباری کے باعث بند ہیں۔