ایک نیوز: پشاور سے کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کوٹری میں بڑے حادثے کاشکار ہوگئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور سے کراچی آنے والی مسافر ٹرین علامہ اقبال ایکسپریس سنگین حادثے سے بال بال بچ گئی اور کوٹری اسٹیشن کے قریب دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔تاہم ٹرین ڈرائیور نے بریک لگائے اور ریلوے کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر بحالی کا کام شروع کر دیا، ریلوے حکام کے مطابق واقعہ کی وجہ ٹرین کا ٹریک تبدیل کرنے والے کانٹے کا صحیح نہ بیٹھنا تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام، پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
مذکورہ حادثے کے بعد کراچی اور حیدرآباد کے درمیان ریلوے ٹریفک معطل ہوگیا ہے اور ٹرینوں کو حیدرآباد اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے اور ٹریک کلیئر کرانے کیلئےامدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
حادثے کے حوالے سے ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث ٹرین ایک ٹریک سے دوسرے پر جاتے ہوئے دو حصوں میں تقسیم ہوئی۔