ایک نیوز: پاکستان حالیہ دنوں میں تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی کے دور سے گزر رہا ہے۔ جہاں غریب عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہوچکا ہے اور غریب کی سواری سمجھی جانے والی موٹرسائیکل کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ابھی بھی آپ صرف 400 روپے فی کلوگرام کی ادائیگی کے بعد اپنی موٹرسائیکل کے مالک بن سکتے ہیں۔
اسلام آباد کے I8/4 مرکز کے ایک خالی پلاٹ میں موٹرسائیکل کے پارٹس کی نیلامی کی جارہی ہے۔ نیلامی میں آنے والے خریداروں نے قیمتوں کو بہت مناسب قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں انتہائی کم قیمت پر موٹرسائیکل کے پارٹس ملنا حیرت انگیز ہے۔
ایک خریدار نے بتایا کہ وہ یہاں سے موٹرسائیکل کے پارٹس فی کلو کے حساب سے لیجاتا ہے اور بعد میں اس سے موٹرسائیکل بنا کر بیچ دیتا ہے اور اس سے اسے بہت فائدہ ہوجاتا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس (آئی سی ٹی پی) کی جانب سے نیلامی کا انتظام کیا گیا ہے۔ جس میں پولیس کی جانب سے ضبط کی گئیں 5 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں اور ان کے پارٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔