ایک نیوز: پنجاب کے شہر شیخوپورہ اور قصور میں پولیس نے پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیت کا تیل برآمد کر لیا۔
ڈی پی او شیخوپورہ زاہد مروت کے مطابق پولیس نے شہر میں پیٹرول کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن کر کے 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا پیٹرول برآمد کیا اور درجن سے زائد آئل ٹینکر بھی قبضے میں لے لیے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول مافیا نے آئل ٹینکر گوداموں میں چھپا رکھے تھے ، پیٹرول مافیا کے خلاف دوسرا گرینڈ آپریشن قصور کے علاقے پتوکی اور پھولنگر میں کیا گیا جہاں سے دو ڈپو سے 13 لاکھ لیٹر تیل اور ڈیزل برآمد کیا جس کی مالیت 33 کروڑ روپے سے زائد ہے، پولیس کی ٹیموں نے درجن سے زائد آئل ٹینکر بھی قبضہ میں لے لیے۔
ڈی پی او قصور عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف پولیس کی مدعیت میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز سے پنجاب کے مختلف شہروں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبریں زیر گردش ہیں اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں پمپس پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہم محدود کر دی گئی۔
وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے پیٹرول اور ڈيزل کی قلت پیدا کرنے والوں کو خبر دار کیا تھا اور کہا تھا کہ تیل ذخیرہ کرنے والے پمپس کے لائسنس منسوخ کردیں گے ، آئی جی پنجاب نے پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دیا تھا۔