ایک نیوز: حکومت نے آئندہ منی بجٹ میں انرجی ڈرنکس، سافٹ ڈرنکس اور ہر قسم کے جوس پر 20فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزارت خزانہ کے سینئر حکام کے مطابق شوگری مشروبات پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے جس سے رواں مالی سال کے باقی عرصے میں 60ارب روپے کی اضافی آمدنی ہو گی۔
اسی طرح سگریٹ پر بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے اسی عرصے میں 25سے 30ارب روپے اضافی آمدنی ہو گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) سیلز ٹیکس میں ایک فیصد اضافے سے فروری سے جون تک 650ارب روپے اضافی وصول کرے گا۔ سیلز ٹیکس اس وقت 17فیصد ہے جسے بڑھا کر 18فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
نان فائلرز کی بینک ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی تجویز بھی دی گئی ہے جس سے 45ارب روپے اضافی وصول ہوں گے۔
مزید برآں فلڈ (سیلاب) لیوی یا ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی لاگو کرنے سے 60ارب روپے اضافی آمدنی ہو گی۔
ایف بی آر زیادہ آمدنی والوں سے سپر ٹیکس کے ذریعے 75سے 150ارب روپے تک اضافی وصول کرے گا۔