نوجوان نسل ایسے مستقبل کی مستحق ہے جو کرپشن سے پاک ہو:شہباز شریف  

Dec 09, 2024 | 11:46 AM

ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا انسداد کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ 9 دسمبر کو انسداد بدعنوانی کا عالمی دن منایا جاتا ہے جو ہم سب کو اپنے معاشروں کو درپیش بدعنوانی کا مقابلہ کرنے کی عالمی کوششوں کی یاد دہانی ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ اس سال کے عالمی دن کا موضوع "بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونااور کل کی سالمیت کی تشکیل" بجا طور پر اس اہم کردار کو اجاگر کرتا ہے جو ہمارے نوجوان بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ادا کر سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ایک ایسے مستقبل کی مستحق ہے جو کرپشن سے پاک ہو، پاکستان آج بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے شفاف، مربوط اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، کرپشن اور بدعنوانی ایک ایسا گھناؤنا عنصر ہے جو کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کو نقصان پہنچاتا ہے اور معاشرے کے سماجی تانے بانے کو تباہ کر دیتا ہے۔
 وزیراعظم نے کہا کہ یہ قوموں کو ان کی صلاحیتوں سے محروم کرتا ہے اور لوگوں کو منصفانہ حکمرانی اور مساوی مواقع کے فوائد سے لطف اندوز ہونے سے روکتا ہے، یہ عوامی خدمات کی فراہمی کو بھی بری طرح متاثر کرتا ہےکیونکہ ترقی کے لیے دستیاب وسائل صحیح طور پر استعمال نہیں ہو پاتے، اسی وجہ سے معاشرے میں عدم مساوات پیدا ہوتی ہے جو عام شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بدعنوانی حکومتوں اور اس کے شہریوں کے درمیان عدم اعتماد کی ایک بڑی وجہ ہے، ہماری حکومت ہر سطح پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں کہ جو لوگ طاقت کا غلط استعمال کرتے ہیں اور عوام کی محنت سے کمائی گئی آمدنی کو لوٹتے ہیں انہیں اپنے اعمال کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 

مزیدخبریں