پاکستان پر معاشی دباؤ مسلط کیا جارہا ہے، فضل الرحمان

Dec 09, 2023 | 22:57 PM

ایک نیوز: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے۔
جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ہمارے لئے خوشی کا لمحہ ہے، مہمند کے نامور خاندان نے باضابطہ طورپر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے ہم اس کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں، پاکستان کی شناخت اسلامی ہونی چاہئے تھی، ہماری مذہبی شناخت کو ختم کردیا گیا، پاکستان پر معیشت کے حوالے سے دباؤ مسلط کیا جارہا ہے، بھارت، افغانستان، ایران پر معاشی دباؤ نہیں ہے۔
امیر جے یو آئی نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش پر مدارس کے حوالے سے کوئی دباؤ نہیں ہے، دینی مدارس کے حوالے سے دباؤ صرف پاکستان پر ہے، الیکشن میں آپ کے ووٹ نے فیصلہ کرنا ہے، کیا پھر آپ انہی قوتوں کے حوالے ملک کریں گے جن کا ایجنڈا کشمیر بیچنا اوراسرائیل کو تسلیم کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غزہ کے لوگوں نے بہت بڑی قربانی دی ہے، حماس نے مسئلہ فلسطین کو زندہ کردیا ہے، کہاں ہے عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں؟ غزہ میں دو ماہ کے اندر16 ہزار لوگوں کو شہید کر دیا گیا، بیس سال افغانستان میں انسانیت کا قتل کیا گیا، امریکا نےعراق، لیبیا، شام کو برباد کیا۔

مزیدخبریں