ایک نیوز: اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے 21 اکتوبر 2022فیصلے کیخلاف اپیل واپس لینے کی عمران خان کی متفرق درخواست مسترد ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے 13صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اکتوبر 2022 کے فیصلے کے خلاف اپیل واپس لینے کی متفرق درخواست ناقابل سماعت ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ناقابل سماعت ہونے کی بنا پر خارج کی جاتی ہے،الیکشن کمیشن کا 21 اکتوبر 2022 کا فیصلہ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا،درخواست گزار کو اسی عدالت سے عبوری ریلیف ملا،اور متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔
فیصلہ می٘ں کہا گیا ہے کہ جب درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی تب درخواست گزار کے وکیل مرکزی درخواست پر جزوی دلائل دے چکے تھے،سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی درخواست تب واپس نہیں کی جاسکتی جب لگے کہ بظاہر فریقین کا حق متاثر ہوگا،سندھ ہائیکورٹ اور دیگر عدالتوں کا بھی اس ضمن میں فیصلہ موجود ہے،واضح عدالتی حوالوں کی موجودگی میں درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرنا طے شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہوگا۔
فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں صرف ایک فرق ہے کہ وہاں الیکشن کمیشن کے خط کو بھی چیلنج کیا گیا،لاہور ہائیکورٹ ان درخواستوں کو قابل سماعت قرار دیتی ہے یا نہیں یہ اس عدالت نے فیصلہ کرنا ہے۔