انتشار انگیز گفتگو :مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

 انتشار انگیز گفتگو :مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
کیپشن: انتشار انگیز گفتگو :مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

ایک نیوز: انتشار انگیز گفتگو کرنے کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل نے مریم اورنگزیب سمیت دیگر کے خلاف کیس کی سماعت کی، مریم اورنگزیب کے عدالت میں پیش ہونے کے بعد وارنٹ گرفتاری منسوخ ہوئے۔

عدالت نے شریک ملزمان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا تحریری فیصلہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

بعدازاں سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے 2022ء میں مقدمہ درج کیا تھا۔تھانہ گرین ٹاؤن پولیس نے مریم اورنگزیب کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے جبکہ عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

مریم اورنگزیب کی میڈیا ٹاک

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم پر یہ دہشتگردی کے مقدمے بناتے رہے اور خود 9 مئی کو ریاست پر حملہ کیا، دوسروں پر دہشتگردی کے مقدمے بنانے والا خود 9 مئی کا مجرم ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خود یہ خزانے پر 60 ارب روپے کا ڈاکا ڈال کر چلا گیا اور پوچھتے ہیں بجلی کیسے مہنگی ہوئی، انہوں نے قومی خزانے پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ڈاکا ڈالا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور دوست ممالک کو ناراض کیا، 190ملین پاؤنڈ قومی خزانے میں آنے تھے عدالت کے اکاؤنٹ میں نہیں، ان کی اہلیہ ہیرے جواہرات بٹورتی رہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات کے ماسٹر مائنڈ تھے، پی ٹی آئی کو آج بھی فارن فنڈنگ آرہی ہے جبکہ عوام کو بیروزگاری کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے 9 مئی کا واقعہ کروایا، کیا نواز شریف پی ٹی آئی کے قائدین اور کارکنوں کو ہدایات دیتے تھے؟

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف 3 بار وزیرِ اعظم رہے ان پر کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکے، انہیں اپنے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر سزا سنائی گئی، عوام 8 فروری کو نواز شریف کو پھر وزیرِ اعظم بنائیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام پریشان نہ ہوں ملک ایک بار پھر ترقی کی منازل طے کرے گا، مسلم لیگ ن نے اپنی سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں جبکہ باقی جماعتیں آپ کو الیکشن کا رونا روتی نظر آئیں گی۔