ایک نیوز نیوز :بھارت میں مولاجٹ کی ریلیز روکنے کیلئے ہندوانتہاپسند بھی میدان میں آگئے۔
تفصیلات کےمطابق بھارتی انتہاپسند ہندو جماعت کے رہنما نے پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز نہ کرنے دینے کی دھمکی دے دی۔مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے رہنما امیہ کھوپکر نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ ان کی جماعت پاکستانی فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی فلم کو بھارتی کمپنیاں انڈیا میں ریلیز کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کی جماعت ایسا نہیں ہونے دے گی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے محض ایک ماہ میں دنیا بھر سے 200 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو بھارت کے علاوہ خطے دیگر متعدد ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، تاہم امکان تھا کہ اسے بھارتی ریاست پنجاب میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا، کیوں کہ یہ فلم پنجابی زبان میں ہے۔
ان کی ٹوئٹ پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ وہ پاکستانی فلموں نہیں بلکہ فواد خان کے مداح ہیں، اس لیے فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت دی جائے۔امیہ کھوپکر نے فواد خان کے مداحوں کو ایک اور ٹوئٹ میں مشورہ دیا کہ جو لوگ پاکستانی اداکار کے مداح ہیں وہ فلم دیکھنے کے لیے پاکستان چلے جائیں۔