شہباز حکومت نے پرویز الہیٰ کو گرین سگنل دے دیا

 ایڈیشنل آئی جی فیاض دیو کو آئی جی پنجاب لگانے کا فیصلہ

ایک نیوز نیوز:  ایڈیشنل آئی جی فیاض دیو کو آئی جی پنجاب لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔آئندہ 36 گھنٹوں میں آئی جی  فیصل شاہکار چارج چھوڑ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہیٰ کے کہنے پر وفاق نے بھی حامی بھر لی ہے اور  ایڈیشنل آئی جی فیاض دیو کو آئی جی پنجاب   کیلئے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔

 ایڈیشنل آئی جی فیاض دیو وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کے بہت قریبی ہیں ۔ 

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی فیاض دیو کی وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ  فیاض دیو سی سی پی او لاہور بھی رہ چکے ہیں ۔ 

یادرہے اس سے قبل آئی جی پنجاب رہنے والے فیصل شاہکار وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور سی سی پی او لاہور کی وجہ سے عہدہ چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے  کیونکہ  وفاق کے نوٹی فکیشن کے باوجود سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چارج چھوڑنے سے انکارکیا تھا جس پر انہیں معطل کردیا گیا تاہم فیڈرل سروس ٹربیونل میں اپیل پر انہیں بحال کیا گیا فل بنچ ایف ایس ٹی نے انہیں دوبارہ معطل کیا جس پر غلام محمود ڈوگر نے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کیا عدالت عالیہ کے احکامات پر انہیں اپنے عہدے پر بحال کردیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف پر مقدمہ درج کرنے پر ہٹایا گیا  تھا اور اس وقت کے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو یہ مقدمہ درج کرنے سے منع کیا تھا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی جی پنجاب نے مقدمے کے اندراج کے لئے غلام محمود ڈوگر کو لیگل رائے لینے کی ایڈوائس کی تھی۔
تاہم مقدمے کے اندراج کے بعد آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی قیادت میں صوبے میں موجودہ سیاسی سیٹ اَپ کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا ہے،  اور عمرہ ادائیگی کے لئے  آئی جی پنجاب فیصل شاہکار  14 روزکی رخصت پر چلے گئے ۔ بعدازاں ان کی اقوام متحدہ میں بطور ایڈوائزر پوسٹنگ ہوگئی تھی ۔وقتی طور پر ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ کنور شاہ رخ کو آئی جی پنجاب کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ 
پنجاب حکومت نے صوبے میں نئے آئی جی کی تعیناتی کے لیے وفاق کو تین نام بھیجے تھے  جن میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کا نام بھی شامل تھا۔وفاق کو آئی جی پنجاب کے جو نام ارسال کیے ، ان میں ایڈیشنل آئی جی فیاض احمد دیو، عامر ذوالفقار اور غلام محمود ڈوگر شامل ہیں۔