ایک نیوز نیوز:اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی ، جھوٹ اور کردار کشی کرنے والوں کے لئے باعث عبرت ہونا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اللہ تعالی کی بارگاہ میں سجدہ شکر ادا کرتے ہیں جس نے ایک مرتبہ پھر ہمیں سرخرو کیا، برطانوی اخبار ڈیلی میل کی وزیراعظم شہباز شریف سے معافی ، جھوٹ اور کردار کشی کرنے والوں کے لئے باعث عبرت ہونا چاہئے،عمران نیازی اور اس کی جماعت نے اس جھوٹی خبر میں سہولت کاری کی، شہباز شریف کے اوپر لگائے گئے کھوکھلے الزامات کی حقیقت کھل کر سامنے آ چکی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کو اللہ تعالی نے پہلے برطانوی کرائم ایجنسی کی تحقیقات میں بھی سرخرو کیا۔توشہ خانے پر ہاتھ صاف کرنے والے اور فارن فنڈڈ عمران نیازی اپنی چوریوں سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسے جھوٹے الزامات لگاتا ہے۔عمران نیازی اور شہزاد اکبر کی ملی بھگت سے پاکستان میں زلزلہ زدگان کی امداد پر سوالات اُٹھے۔عمران نیازی اور اسکی جماعت نے سیلاب زدگان کی امداد رکوانے کے لئے بھی ہر ممکن ہتھکنڈا استعمال کیا۔ عمران خان نے 4سالوں میں سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز بنائے اور انہیں جیلوں میں ڈالا۔عمران خان نے پاکستان کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔