سلیمان اعوان: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کیخلاف فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہرجانہ کیس پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی حق دفاع حتم کرنے کی درخواست خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیدیا۔
یاد رہے کہ ٹرائل کورٹ نے عمران خان کا حق دفاع ختم کر رکھا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کیس دائر کیا تھا۔ عمران خان کے وکلاء کی جانب سے سوالات کے جوابات جمع نہ کرانے پر حق دفاع ختم کیا گیا۔
عدالت نے ہتک عزت کیس میں عمران خان کے وکلاء سے شہبازشریف کے سوالات پر جواب طلب کر رکھا تھا۔
ٹرائل کورٹ میں شہبازشریف کے وکیل سعد صبغت اللہ کی جانب سے دلائل پیش کیے گیے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد آصف نے عمران خان کے وکلاء کا مقررہ مدت تک جواب جمع نہ کروانے پر حق دفاع ختم کیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف دس ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔ شہباز شریف نے مؤقف اپنایا تھا کہ عمران خان نے میرے اوپر دھرنہ ختم کرنے اور پانامہ لیکس کیس سے پیسے دینے کا بے بنیاد الزام عائد کیا۔ عمران خان نے کروڑوں روپے آفر کا بےبنیاد الزام عائد کیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف 8 جولائی 2017 کو ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔