ایک نیوز نیوز: انسدادِ کرپشن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ معاشرتی اقدار کا زوال کسی بھی معاشرے میں کرپشن کی شرح میں اضافے کا باعث بنتا ہے، کرپشن سے ملک و قوم کا پیسہ شرپسند عناصر کے ہاتھوں میں جانے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امن تباہ، ادارے کمزور ہوتے ہیں اور لوگوں کا گورننس سے اعتبار اٹھ جاتا ہے، آج تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم سب مل کر کرپشن سے جنگ میں سرخرو ہوں، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2013 سے 2018 تک مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں ملک میں کرپشن کی شرح نیچے آئی، اربوں ڈالر کے سی پیک اور دوسرے ترقیاتی منصوبوں میں کوئی ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ کر سکا، پاکستان کی سیاست میں کرپشن کو انتقام کا ذریعہ بنانے کے رواج کو ختم کرنا ہوگا۔
یوم انسدادِ کرپشن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں کرپشن کے جھوٹے الزامات لگا کر سیاسی حریفوں کو جیلوں میں بند کیا گیا، کرپشن کو ذاتی انتقام کی بھینٹ چڑھانے کیلئے آلے کے طور پر استعمال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ کرپشن کی روک تھام کیلئے تمام سیاسی حلقوں کو مل کر ایک واضح روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے۔