ویب ڈیسک: سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سعودی سفیر محمد نواف بن المالکی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پی ٹی آئی کے چیئرمین بیریسٹر گوہر علی خان، علی محمد، عامر ڈوگر، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر، ڈاکٹر طارق فضل چودھری بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ مسجد نبویﷺ کا مسلمانوں کے دلوں میں ایک خاص مقام ہے، امام مسجد نبویﷺ کا دورہ پاک سعودی پائیدار تعلقات کا مظہر ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ امام مسجد نبوی ﷺ کا دورہ اس اتحاد کی عکاسی ہے جو امت مسلمہ کو مضبوط رشتے میں باندھتا ہے، پاکستان اور سعودی عرب ہر آزمائش میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں، امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کو مزید مستحکم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
امام مسجد نبوی ﷺ شیخ صلاح بن محمد البدیر نے کہا پاکستان کا دورہ کرکے دلی خوشی و مسرت ہوئی، پاکستان میں جو خلوص اور محبت ملی وہ ہمیشہ یاد رہے گی۔
امام مسجد نبوی ﷺ نے کہا کہ پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور پارلیمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، انھوں نے مزید کہا پاکستان عالم اسلام کا ایک اہم ملک ہے۔