ایک نیوز: وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ عراقی حکومت کی جانب سے چہلم امام حسینؓ(اربعین) کے دوران پاکستانی زائرین کیلئے 1 لاکھ کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ عراقی حکومت کی جانب سے اربعین کے دوران زائرین کو بغیر کسی فیس کے 30 دن کیلئے ویزا جاری کیا جائے گا جبکہ پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے الیکٹرانک ویزا کا اجرا بھی کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی مسافروں کی بغداد اور النجف انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ذریعے انٹری ہوگی جبکہ زمینی راستے سے پاکستانی زائرین الشیب پورٹ سے عراق میں داخل ہو سکیں گے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ عراقی حکومت کی جانب سے پاکستانی مسافروں کیلئے عراق میں صرف ایک ہی ائیرپورٹ پر آمد اور روانگی کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ اربعین کے دوران زائرین سے زائد رقم لینے کی صورت میں ٹور آپریٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ عراق کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے عراقی رہنمائوں اور حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔