ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں 15ماہ کے دوران وزیراعظم کو موصول تحائف کو نیلام کرنے کا فیصلہ ہوا۔
وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر گذشتہ 15 ماہ میں وزیراعظم کو ملنے والے تمام قیمتی تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ان تحائف کی شفاف انداز میں نیلامی کے بعد ان سے ملنے والی رقم کو پاکستان میں موجود یتیم او ربے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں کو عطیہ کیا جائے گا۔ کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ نیلامی کے عمل میں عوام الناس حصہ لے سکیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے الوداعی اجلاس میں وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری بورڈ کی سفارش پر خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی مختلف کمیٹیوں میں ارکان کی شمولیت کی منظوری دی۔ ان ترامیم کے تحت وفاقی وزیر قانون و انصاف ایپکس کمیٹی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ایپکس کمیٹی اور ایگزیکٹو کمیٹی اور سیکریٹری خارجہ ایگزیکٹو کمیٹی اور Implementation Committee کے رُکن ہوں گے۔ اس کے علاوہ کابینہ نے ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی سیکریٹری ایپکس کمیٹی، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے طور پر تقرری کی منظوری دی۔
مزید برآں وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کے سیکریٹریٹ کے قیام اور جمیل احمد قریشی کی بطور سیکریٹری/ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر کی بھی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے ریلوے ڈویژن کی سفارش پر ارشد سلیم خٹک کی بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کی تقرری کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ نے 14 اگست پر پاکستان کی مختلف جیلوں میں موجود قیدیوں کی سزا میں رعایت کو دوگنا کرنے کی بھی منظوری دی اور اس بات کی ہدایت کی کہ اس رعایت کا قانون کے مطابق تمام قیدیوں پر اطلاق ہوگا۔ کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ جیلوں میں قیدیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔