ایک نیوز :چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی خصوصی ہدایت پر یوم آزادی کا جشن ملک بھر میں نہایت جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیاگیا۔
https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-08-09/news-1691592974-1246.mp4
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کے مطابق مجرموں اور فسطائیوں کے 16 ماہ پر محیط راج کے اختتام پر 10 اگست کو ”یومِ تشکّر و نجات“ منایاجائیگا۔پی ڈی ایم کی نالائق، نااہل اور سفّاک حکومت کے ہاتھوں معیشت، سیاست، آئین و قانون، سماج اور نظامِ مملکت و حکومت کی تباہی کا تفصیلی تجزیہ قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔
عمر ایوب کاکہنا تھاکہ آزادی اظہار اور میڈیا پر عائد بدترین سنسرشپ اور اہلِ صحافت کیخلاف جبر و انتقام کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھی جائیں گی ۔بدترین مہنگائی کے ذریعے عوام کے معاشی قتلِ عام اور معیشت کی ناقابلِ تصوّر تباہی کی تفصیلات بھی عوام کے روبرو پیش کی جائیں گی ۔
سیکرٹری جنرل کے مطابق آئین سے مجرمانہ انحراف، انتخاب سے فرار کے ذریعے عوام کے حقِ رائے دہی کو سلب کئے جانے اور الیکشن کمیشن کی معاونت سے جمہوریت کے قتل کی مفصل داستان بھی بیان کی جائے گی ۔عدلیہ کی توہین و تضحیک، پارلیمان اور حکومتی مشینری کے ذریعے ججز کی کردار کشی اور اسے آئین کے تحفظ سے باز رکھنے کی شرمناک کوششوں سے بھی پردہ اٹھایا جائے گا۔