ایک نیوز: ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کی ضمانت کے بعد نظربندی کیخلاف درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 1 گھنٹے میں طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی و دیگر کی ضمانت کے بعد نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت جسٹس انوار الحق نے کی۔ شہریار آفریدی کے وکلاء ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں پیش ہوئے۔
شہریار آفریدی کے وکیل کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ شہریار آفریدی اور ان کے بھائی فرخ جمال آفریدی کو اڈیالہ جیل سے نامعلوم افراد کے حوالے کیا گیا۔ جیل انتظامیہ اور پولیس شہریار آفریدی اور ان کے بھائی سے متعلق کچھ نہیں بتا رہی۔
ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 1 گھنٹے میں طلب کرلیا۔ وکیل ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ شہریار آفریدی کی نظربندی کے احکامات منسوخ کر دیئے گئے۔