وفاقی کابینہ الوداعی اجلاس: ڈیڑھ سالہ دور حکمرانی پر اظہار اطمینان

Aug 09, 2023 | 14:46 PM

ایک نیوز: وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس منعقد کیا گیا۔ وزیر اعظم کیجانب سے کابینہ ارکان کے پھرپور تعاون پر اظہار تشکر کیا گیا۔  

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے ڈیڑھ سالہ دور حکمرانی پر اظہار اطمینان کیا۔ جبکہ وزیراعظم نے کابینہ ارکان کی مختصر مدت میں کارکردگی کو سراہا اور ملک کو معاشی طور پر سنبھالا دینے میں اتحادیوں کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے ملک کو مشکلات سے دوچار کرنے پر سابق حکومت پر کڑی تنقید کی۔  انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام ملک کیلئے ضروری تھا، کوئی شک نہیں اس کی شرائط کڑی اور سخت ہیں۔ آئی ایم ایف کے پروگرام کے بغیر پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر سمیت کئی قسم کے چیلنجز درپیش ہوتے۔ پاکستان کے دیوالیہ ہونے سے ملک کیلئے تباہ کن صورتحال پیدا ہوتی، آئی ایم ایف کا پروگرام ہو چکا ہے، ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔ آئی ایم ایف نے سبسڈیز کے حوالہ سے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے۔ 

وزیراعظم نے واضح کیا کہ آج مدت مکمل ہونے کے بعد سمری صدر مملکت کو بھیج دوں گا۔ صدر اسمبلی تحلیل کر دیں گے تو پھر نگران حکومت آئے گی۔ سعودی عرب کے وفد سے سرمایہ کاری پر بات کی،14 سے 15 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ سی پیک کے تحت پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومت کی سنگین غفلت کی وجہ سے کشکول اٹھانا پڑا۔ ہمیں پاکستان کو قائداعظم کے خواب کی عملی تعبیر بنانا ہے، پاکستان سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، کشکول توڑیں گے، قرض ختم کریں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے، اگر آئندہ موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لائیں گے۔

مزیدخبریں