حکومت نے جاتے جاتے سرکاری ملازمین کو بڑا فائدہ پہنچادیا

Aug 09, 2023 | 11:34 AM

ایک نیوز : حکومت نے  جاتے جاتے  سرکاری ملازمین کو پھر بڑا فائدہ دیدیا۔۔ تمام سرکاری ملازمین کے یومیہ سفری اور مائلیج الاؤنسز( ٹی اے ڈی اے ) میں 50 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ملک کے اندر اب گریڈ 22 کے ملازمین کے لیے یومیہ زیادہ سے زیادہ 7 ہزار 2 سو روپے خصوصی الاؤنسز کی اجازت ہوگی، اس کے بعد گریڈ 21 کے ملازمین کو 6 ہزار روپے جبکہ گریڈ 19 اور 20 والوں کو 4 ہزار 920 روپے ملیں گے۔

اسی طرح گریڈ 17 اور 18 کے ملازمین کے لیے زیادہ سے زیادہ خصوصی یومیہ الاؤنس 3 ہزار 840 روپے مقرر کیا گیا ہے، اس کے بعد گریڈ 12 سے 16 کے ملازمین کے لیے 2 ہزار 160 روپے، گریڈ 5 سے 11 کے ملازمین کے لیے ایک ہزار 320 روپے اور گریڈ ایک سے 4 کے لیے یومیہ ایک ہزار 200 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

الاؤنسز میں اضافہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہے۔

ٹرانسپورٹیشن لاگت میں بھی 50 فیصد اضافہ کر کے گاڑیوں کے لیے 7.5 روپے فی کلومیٹر اور موٹر سائیکلوں کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ذاتی کاروں یا ٹیکسیوں کے لیے فی کلو میٹر مائلیج الاؤنس 50 فیصد بڑھا کر 15 روپے، موٹر سائیکلوں کے لیے 6 روپے، سائیکلوں کے لیے 3 روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر کر دیا گیا ہے۔

گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے ملازمین کے لیے ہوائی سفر کی اجازت ہے جبکہ ریٹائرمنٹ یا تبادلے پر ذاتی اشیا لے جانے کی لاگت بھی 0.03 روپے کلو فی کلومیٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔

سی طرح دیگر اسٹیشنوں کے ملازمین کے لیے عمومی یومیہ الاؤنس کی شرح میں 50 فیصد اضافہ کر کے گریڈ 21 اور 22 کے ملازمین کے لیے 4 ہزار 200 روپے، گریڈ 19 اور 20 کے لیے 3 ہزار 720 روپے، گریڈ 17 اور 18 کے لیے 3 ہزار روپے، گریڈ 12 اور 16 کے لیے ایک ہزار 680 روپے، گریڈ 5 سے 11 کے ملازمین کے لیے 936 روپے اور گریڈ ٓایک سے 4 کے ملازمین کے لیے بڑھا کر 744 روپے تک کر دیا گیا ہے۔علاوہ ازیں گریڈ ایک سے 19 تک کے سرکاری ملازمین سرکاری گیسٹ ہاؤسز، پبلک سیکٹر کارپوریشنز، ریسٹ ہاؤسز، موٹلز اور ہوٹلوں میں رہ سکتے ہیں (سوائے فائیو اسٹار والے)، وہ رسیدیں پیش کرنے پر کمرے کے اصل کرایہ کے چارجز کا دعویٰ کر سکتے ہیں جو مخصوص اسٹیشنوں میں زیادہ سے زیادہ تین یومیہ الاؤنسز اور غیر متعین اسٹیشنوں پر ڈیڑھ یومیہ الاؤنسز کے ساتھ مشروط ہیں۔

مزیدخبریں