ٹی ایل پی ہمارے جھنڈے تلے آکر جدوجہد کرے، فیاض الحسن چوہان

ٹی ایل پی کو عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے بعد کسی اور کی ضرورت  نہیں ہے، فیاض چوہان (فائل فوٹو)
کیپشن: ٹی ایل پی کو عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے بعد کسی اور کی ضرورت  نہیں ہے، فیاض چوہان (فائل فوٹو)

ایک نیوز نیوز: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کو عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے بعد کسی اور کی ضرورت  نہیں ہے۔ ٹی ایل پی ہمارے جھنڈے تلے آکر جدوجہد کرے۔

راولپنڈی میں کمیٹی چوک پر یوم عاشور کے سلسلے میں دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دو شخصیات ہیں جنہوں نے ختم نبوت کے لیے جنگ لڑی، ایک عمران خان اور دوسری شخصیت وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ہیں۔ٹی ایل پی کو عمران خان اور چودھری پرویز الہٰی کے بعد کسی اور کی ضرورت  نہیں ہے۔ ٹی ایل پی ہمارے جھنڈے تلے آکر جدوجہد کرے۔

پی ٹی آئی جلسےکے بارے میں بارے میں انہوں نے کہا کہ  بنیادی طور پر 2 سے 3 جلسے راولپنڈی اسلام آباد میں ہوچکے ہیں، اس لیے اب لاہور میں جلسہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا امریکا مخالف بیانیہ نہیں ہے، ہم غلامی نہیں دوستی کرنا چاہتے ہیں۔ امریکا سے جو گاڑیاں ملیں، وہ ایڈ کی صورت میں عوام کے لیے ہیں لیکن غلامی اختیار نہیں کرسکتے۔ عمران خان نے پچھلے 4 مہینوں میں متعدد مرتبہ کہا کہ فوج بہت اہم ہے۔ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو اداروں سے محبت کرتی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ میں پولیس، رینجرز اور فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ صوبائی حکومت پنجاب میں 2 ہزار سے زائد جلوسوں کو سکیورٹی دے رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب اور کمشنر بھی موجود تھے۔شمالی وزیرستان میں خودکش حملے کے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ آج صبح پاک فوج کے جوان وزیرستان میں شہید ہوئے، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی کو معلوم ہے کہ ایک صوبہ کیسے چلایا جاسکتا ہے۔ وزیراعلیٰ کی سربراہی میں سکیورٹی پلان تیار کیا گیا، ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فونز پر پابندی لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ساڑھے 300 سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، جن سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت سے ملک نہیں چل رہا۔ ناہلوں کا ٹولہ ہے، یہ میڈیا پر پابندی لگا رہے ہیں، کارکردگی نہیں دکھا سکتے۔