وقت کے یزیدوں کے خلاف علم جہاد بلند کرنا ہوگا: حافظ سعد رضوی

Aug 09, 2022 | 21:27 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے کہا ہے کہ یزیدی کردار اپنانے والے حکمران دورحاضر کے یزید ہیں۔ امام حسینؓ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ وقت کے یزیدوں کے خلاف علم جہاد بلند کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ معرکہ کرب و بلا نظام ظلم وجبر کے خلاف جدوجہد کا پیغام ہے۔

حافظ سعد حسین رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ رسول اللہ کے دین کی حرمت کی پامالی کو حسینی کبھی برداشت نہیں کر سکتا، یوم عاشورہ یاد دلاتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگیوں کو حقیقی معنوں میں اسوہ حسینؓ کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد ظالم حکمران کیخلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے، امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

حافظ سعد حسین رضوی نے یہ بھی کہا کہ شہدائے کربلا کا سفر جرأت اورعظیم قربانیاں رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کوحوصلہ اور ولولہ مہیا کرتی رہیں گی۔

امیر تحریک لبیک پاکستان کا کہنا تھا کہ یزیدی کردار اپنانے والے حکمران دورحاضر کے یزید ہیں، نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے کردار اورعمل سے حق کی آواز کو بلند کرنا اوراسلامی اقدار کا تحفظ سکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے ، فوجی قافلے پر حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

حافظ سعد حسین رضوی نے یہ بھی کہا کہ وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے جوان ہمارا فخر ہیں، اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ بزدلوں کے حملوں سے ہمارے حوصلے کمزور نہیں ہوسکتے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

مزیدخبریں