ایک نیوز :حکومت نے الیکشن کمیشن کو مزید بااختیار بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی ٹھان لی ۔ 57(1) اور 58 میں ترمیم کی سفارش کردی گئی۔
تفصیلات کےمطابق الیکشن کی تاریخ اور الیکشن پروگرام میں تبدیلی سے متعلق الیکشن کمیشن کو مزید با اختیار بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے الیکشن ایکٹ 2017 کی 57 (1) اور 58 میں ترمیم کی سفارش کر دی۔الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے متعلق پارلیمانی امور کے لیے مجوزہ مسودہ سامنے آگیا ہے۔
سیکشن 57 (1) میں ترمیم کے بعد انتخابات کے لیے پولنگ ڈے تجویز کا اختیار الیکشن کمیشن کا ہوگا جبکہ سیکشن 58 کے تحت انتخابی شیڈول کے اجرا کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کے پاس ہوگا۔ سیکشن 58 میں ترمیم سے الیکشن کمیشن کا کردار مضبوط ہوگا اور کوئی مداخلت نہیں کر سکے گا۔
مسودے کے مطابق صرف الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کے لیے تاریخ کا اعلان کرنے کا مجاز ہوگا۔
الیکشن پروگرام میں تبدیلی یا نئے سرے سے الیکشن پروگرام دینے میں ابہام ختم کرنے کے لیے ترمیم کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن مختلف اسٹیجز پر الیکشن پروگرام میں تبدیلی کر سکے گا جبکہ تحریری وجوہات کے ساتھ نئی سرے سے الیکشن تاریخ اور نیا الیکشن پروگرام دے سکے گا۔
الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پارلیمانی افیئرز کو ترمیمی ڈرافٹ بھجوانے کے لیے تیار کر لیا ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے پارلیمانی افیئرز کو بھجوائے جانے والے خط میں ترامیم کے پیچھے وجوہات کا ذکر بھی کیا۔
خط کے متن کے مطابق الیکشن کمیشن ایک با اختیار ادارہ ہے اس لیے صاف اور شفاف الیکشن کرانا اس کی ذمہ داری ہے جبکہ انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ کسی کے ماتحت نہیں۔ آئین کے مطابق الیکشن کمیشن نے طے کرنا ہوتا ہے حالات الیکشن کرانے کے ہیں یا نہیں۔
اعلیٰ عدلیہ کے حالیہ فیصلوں نے الیکشن کمیشن کو 218(3) میں درج اختیارات استعمال کرنے سے محروم کیا۔ الیکشن کمیشن نے 218(3) کے تحت حالات واقعات کا جائزہ لیکر الیکشن کرانے کا طے کرنا ہوتا ہے۔