وزیراعظم اور صدر کا یوم خواندگی کے موقع پر پیغام

وزیراعظم اور صدر کا یوم خواندگی کے موقع پر پیغام
کیپشن: Message of Prime Minister and President on the occasion of Literacy Day

ایک نیوز: صدر مملکت آصف علی زرداری نےعالمی یومِ خواندگی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ قوموں کا مقدر بدلنے میں تعلیم اور خواندگی کا اہم کردار ہے،تعلیم اور خواندگی ہماری قوم کے مستقبل کی بنیادہیں۔
  صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 25اے کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے ،آج ہم ہر شہری کو تعلیم فراہم کرنے کے عہد کی تجدید کرتے ہیں ، پاکستان نے ناخواندگی کے مسئلے کے پیش ِنظر قومی تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تعلیمی ایمرجنسی کا مقصد سکول نہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنا ، بالغ افراد کو تعلیم دینا ہے،ہر خواندہ شہری سے اپیل ہے کہ وہ کم از کم ایک ناخواندہ شخص کو تعلیم دے، خواندگی میں اضافے کیلئے بے نظیر تعلیمی وظائف دیے جارہے ہیں، مستحق بچوں کو اعلیٰ ثانوی سطح تک تعلیمی وظائف کی صورت میں مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
  صدر نے کہا کہ تمام اضلاع میں لڑکوں کے لیے 4000 اور لڑکیوں کے لیے 4500 روپے تک فی سہ ماہی وظیفے دیے جا رہے ہیں،اس وقت97لاکھ بچے بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ کو 102,000 انڈرگریجوایٹ سکالرشپس دی گئی ہیں۔
خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نےپیغام میں کہا ہے کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے، تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں، خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ہے،یہ بااختیار بنانے، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کے لیے کوشاں ہیں، تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے،اس مقصد کے لیے، ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے، سکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا شروع کیا ہے، آئیے سب کے لیے خواندگی اور تعلیم کو فروغ کے لیے بحیثیت قوم مل کر کام کریںاور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔