ایک نیوز:پاکستان تحریک انصاف کا سنگجانی میں جلسہ ہونے جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے قافلے شہر کے مختلف مقامات سے روانہ ہوچکے ہیں۔
قافلے سکیم تھری،دھمیال، صدر،کمرشل مارکیٹ، اڈیالہ روڈ سمیت مختلف مقامات سے روانہ ہونگے، انصاف لائزر فارم کا قافلہ کہچری چوک سے براستہ پشاور روڈ جلسہ گاہ روانہ ہو گا، قافلے ایکسپریس ہائی وے، آئی جے پی روڈ، سری نگر ہائی وے اور پشاور روڈ سے روانہ ہوں گے ،قافلوں کی قیادت راجہ بشارت، شہریار، سمابیہ طاہر اور راشد حفیظ کریں گے ۔
شیخ رشید احمد اور شیخ راشد شفیق کو سنگجانی جلسے کی دعوت نہ مل سکی ،خواتین کے قافلوں کو راستوں کی بندش پر متبادل راستوں کے روٹس فراہم کر دیئے گئے ،خواتین قافلوں کی قیادت کنول شوزب اور فرخندہ کوکب کریں گی ۔
جلسہ گاہ میں 20 فٹ اونچا اور 120 فٹ چوڑا مرکزی سٹیج تیار کر دیا گیا ،مرکزی سٹیج سے اعلیٰ قیادت سمیت 15 رہنما جلسے سے خطاب کریں گے، جلسے میں پنجاب، خیبر پختونخواہ، راولپنڈی، کہوٹہ، کوٹلی ستیاں، مری، آزاد کشمیر سے قافلے جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی انٹرچینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا ہے،خیبرپختونخواہ کے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلوں کے لیے کرسیاں لگا دی گئی، پی ٹی آئی جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری استقبالیہ کیمپ پر پہنچا دی گئی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے پاور شو کیلئےسنگجانی جانے والے مارگلہ ایونیو پر کنٹینرز لگا دئیے گئے ہیں، جلسہ گاہ جانے والے تمام راستے بند، ایک کلومیٹر تک زگ ذیگ فام میں کنٹینرز لگائے گئے ہیں، جلسہ گاہ جانے کے لیے صرف ایک یہی راستہ کھلا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کی وجہ سےمیٹرو بس سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی، میٹرو بس سروس صدر سٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک بند کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر میٹروبس سروس مکمل طور پر بند کی گئی ہے۔