پیپلزپارٹی کامطالبہ ہے کہ الیکشن 90روز کےاندر کرائےجائیں،بلاول بھٹو

Sep 08, 2023 | 16:23 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کامطالبہ ہے کہ الیکشن 90روز کے اندر کرائےجائیں،پیپلزپارٹی کا سیاسی مخالف کوئی نہیں، مہنگائی اور غربت سے مقابلہ ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کے خلاف پروپیگنڈامہم شہید بھٹو کے دور سے چلتی آرہی ہے، اس وقت عوام کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے،ان کا کہناتھا کہ آج تک سب سے زیادہ جیل کاٹنے والا سیاسی قیدی آصف زرداری ہے،کچھ سیاستدان مشکل وقت گزار رہے ہیں ان کو بتانا چاہ رہے ہیں کہ گھبرانا نہیں ،آصف زرداری نے ساڑھے 11سال جیل میں گزارے،جیل میں آپ کی سیاستدان بننے کی ٹریننگ ہو رہی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ ہم نے کارکردگی سے پروپیگنڈا اور کردار کشی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا،ان کا کہناتھا کہ عوام اگر پی ٹی آئی کو چنیں تو ہمیں قبول کرنا پڑے گا، عوام اگر پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دے تو سب قبول کریں،عوام اگر نوازشریف چنتے ہیں تو ہم سب کو قبول کرنا چاہئے،عوام کو اپنے فیصلے کرنے دیئے جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری کامزید کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں بھی 14مئی کو الیکشن کیلئے تیار تھی،کٹھ پتلیاں بنانے والوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام پر تجربے کرنا چھوڑ دیں،الیکشن میں تاخیر کا سوال الیکشن سے بھاگنے والوں سے کیا جائے،پیپلزپارٹی  عوام کی نمائندگی کرتی ہے،ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر الیکشن کرائے گا، الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں اپنی کارکردگی کو ثابت کیا،الیکشن کمیشن نے 4سال کی کارکردگی سے اپنی ساکھ کو عوام کے سامنے ثابت کردیا،عوام نے جب بھی موقع دیا ہم نے عوام غریبوں کی خدمت کی ہے،عوام کا مطالبہ ہے کہ مسائل سے نکالا جائے۔

مزیدخبریں