معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے،وزیراعظم

 معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے،وزیراعظم
کیپشن: نگران وزیراعظم کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی اجلاس جاری

ایک نیوز: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ قلیل مدت کیلئے حکومت ملنے کے باوجود ہم معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا، جس میں آرمی چیف، عبوری وفاقی کابینہ، صوبائی وزراء اعلی اور متعلقہ اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء نے متعلقہ شعبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور شرکا کو ملک میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے سدباب کیلیے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا جبکہ ریگیولیشن کو مؤثر اور تیز بنانے کے جامع پلان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت ہوئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ان پر معینہ مدت میں عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ وزرا اقدامات پر عمل یقینی بنائیں، نگران حکومت کی قلیل مدت ہونے کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو بھی ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔