ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حضرت اما م حسینؓ کے چہلم، حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس اور کرکٹ میچوں پربہترین انتظامات پر متعلقہ اداروں کو شاباش دی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں ںے کہا ہے کہ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر اور ان کی ٹیم حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس پر عقیدت مندوں کیلئے شاندار انتظامات پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ اسی طرح انسپکٹر جنرل پولیس اور ان کی فورس نے دن رات محنت کرکے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز،ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ سٹاف کی کارکردگی لائق تحسین رہی۔ پنجاب بھر کے کمشنرز، آرپی اوز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے بھی پرامن فضاقائم رکھنے کیلئے دن رات کام کیا اور پوری ٹیم نے لگن اور محنت کے ساتھ فرائض سرانجام دیے۔
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر نے مسلسل 3 روز داتا دربار قیام کیا اورعرس کے انتظامات کی نگرانی کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پنجاب حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے باعث چہلم کے جلوس و مجالس اور عرس، میچزاوریوم دفاع کی تقریبات پرامن ماحول میں منعقدہوئیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ بہترین کوآرڈینیشن اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہمیشہ ایسے ہی مثبت ہوتاہے۔