ایک نیوز: نیول چیف محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے یوم بحریہ 2023 کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ ہر سال 8 ستمبر یوم بحریہ کے طور پر مناتی ہے۔دشمن کے پانیوں میں داخل ہو کر دوارکا پر بمباری خود اعتمادی، ہمت اور اللہ پر کامل یقین کا مظہر ہے۔ آپریشن سومنات کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر حملہ کرکے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن تباہ کرنے کے ساتھ دشمن کا غرور بھی خاک میں ملا دیا۔
سربراہ پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کی آبدوز غازی کی دھاک نے ہندوستانی بحریہ کی جوابی کارروائیاں روکنے اور اسے ساحل کے قریب محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایڈمرل امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری افواج کے ساتھ مل کر مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے اور قومی ترقی باالخصوص ساحلی آبادیوں کی بہتری اور بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بحریہ نے وزارت بحری امور کے تعاون سے رواں سال فروری میں پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس (پی آئی ایم ای سی) کا انعقاد کیا۔نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ مادر وطن کے دفاع، خطرات اور چیلنجز کے خلاف میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔