ایک نیوز: سابق بھارتی کپتان، کمنٹیٹر سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ نے بھی ایشین کرکٹ کونسل کو کولمبو میں میچز کروانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ بظاہر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کھلاڑی ہمبنٹوٹا نہیں جانا چاہتے تھے لیکن اس بات کی حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ میچز ہمبنٹوٹا کیوں شفٹ نہیں ہوئے اور بارش کی پیشگوئی معلوم ہوتے ہوئے بھی کولمبو میں میچز کیوں رکھوائے گئے۔
سنیل گواسکرنے کہا کہ پلیئرز کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اگر ایک دو روز زیادہ سہولیات والی جگہ نہیں ملیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پورا ماہ تیاری کرتے ہیں، دو روز کم وسائل سے ٹریننگ کرنا پڑی تو کیا ہوا؟۔
دوسری جانب ہربھجن سنگھ نے کہا کہ میچ کیلئے ٹریننگ کی سہولیات کے فقدان کا بہانہ غیر منطقی ہے، ہمارے وقت میں وینیو پر پلیئرز کی رائے نہیں ہوتی تھی، وینیو کھلاڑیوں کا مسئلہ نہیں آفیشلز کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ کولمبو اب صرف ٹیموں کے درمیان سوئمنگ کا مقابلہ ہوگا، دمبولا ایک مکمل انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہے، پتہ نہیں وہاں میچز کیوں نہیں کرائے جا رہے۔