'فلڈ ریلیف میں پاکستان کی مدد کریں' کرکٹ تنظیم کی ایشیئن کرکٹ بورڈز سے اپیل

فلڈ ریلیف،پاکستان، سیلاب متاثرین،، کرکٹ بورڈز
کیپشن: 'فلڈ ریلیف میں پاکستان کی مدد کریں' کرکٹ تنظیم کی ایشیئن کرکٹ بورڈز سے اپیل

ایک نیوز نیوز: پاکستان اس وقت ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کی زد میں ہے۔ جس کی وجہ سے لاکھوں گھر گرنے سے کروڑوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کا تیسرا حصہ سیلاب سے متاثر ہے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے عالمی برادری سے ملکی تاریخ کے بدترین دور میں امداد کی اپیل کی ہے اور بہت سے ممالک کی جانب سے پاکستان کیلئے امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

اب ساؤتھ ایشیاء پیس ایکشن نیٹ ورک (ساپان) کی جانب سے کرکٹ بورڈز کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں پاکستان میں فلڈ ریلیف میں امداد کی اپیل کی گئی ہے۔ 

یہ خط انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایشیئن کرکٹ کونسل (اے سی سی) سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) بورڈ فار کرکٹ کنٹرول ان انڈیا (بی سی سی آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کو لکھا گیا ہے۔ 

خط کے متن میں ساپان نے لکھا ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور تمام کرکٹ بورڈز سے اس دکھ کی گھڑی میں ان کا ساتھ دینے کی اپیل کرتے ہیں۔ 

اس کے بعد خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو اس وقت ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔ جس سے پاکستان کا تیسرا حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے 1500 کے قریب اموات ہوچکی ہیں۔ اس وقت 5 لاکھ سے زائد افراد لاپتہ ہوچکے ہیں اورلاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان کے مشکل وقت میں ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں اور انسانی بنیادوں پر تعاون جاری رکھیں گے۔ 

خط میں تنظیم کی جانب سے اوپر بتائے گئے تمام کرکٹ بورڈز کو خط لکھا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ ایشیاء کپ 2022 کے فائنل کو سیلاب متاثرین کے امداد کے لیے وقف کیا جائے۔ 

انہوں نے درخواست کی کہ 11 ستمبر 2022 کو دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کی تمام آمدن فلڈ ریلیف کوششوں میں لگائی جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام کھلاڑیوں سے فائنل میں کالی پٹیاں باندھ کر شامل ہونے کا بھی کہا ہے۔