آئی فونز کے چار نئے ماڈلزمیں ایمرجنسی سیٹلائٹ رابطہ، کارکریش ڈیٹکیشن ٹیکنالوجی، قیمت جانئیے؟

Sep 08, 2022 | 13:10 PM

  ایک نیوز نیوز: ایپل نے آئی فون کے چا رنئے ماڈلز متعارف کرادئیے۔ ایمرجنسی سیٹلائیٹ رابطہ اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق  ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنی نئی آئی فون 14سیریزسمیت دیگر مصنوعات متعارف کرا دی ہیں۔ آئی فون 14 کی اس نئی لائن اپ میں مجموعی طور پر چار فون شامل ہیں۔

ان چار نئے ماڈلز میں آئی فون 14، آئی فون 14 پلس، آئی فون 14 پرو اور آئی فون 14 پرو میکس شامل ہیں۔

ان ماڈلز میں گزشتہ سال کی چپ اے 15 بائیونک کا ہی استعمال کیا گیا ہے۔البتہ کمپنی نے آئی فون 14 کا نیا پلس ماڈل متعارف کرایا ہے جو 6.7 انچز ڈسپلے سے لیس ہے۔ جب کہ آئی فون 14 کا اسکرین سائز گزشتہ برس کی طرح ہی 6.1 انچز رکھا گیا ہے۔

ان دونوں ماڈلز میں ایپل کی جانب سے نیا ڈوئل کیمرا سسٹم لگایا گیا ہے جو 12 میگا پکسل کا ہے۔ آئی فون 14 اور 14 پلس میں سیلفی کے کیمرے کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے جس سے صارفین بہتر انداز میں اپنی تصاویر لے سکیں گے۔
نئے آئی فونز14 میں بیٹری کو بھی بہتر کیا گیا ہے، جس سے صارفین اب زیادہ دیر تک موبائل کو استعمال کرسکیں گے۔

آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس

اس سال ایپل نے جو بڑی تبدیلیاں کی ہیں وہ آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں کی ہیں۔ جس میں ڈیزائن، چپ سیٹ، کیمرا، ڈسپلے، بیٹری سب کچھ اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

ایپل نے آئی فون 14 پرو اور پرو میکس میں اپنے روایتی نوچ ڈیزائن کو تبدیل کرتے ہوئے ایک چھوٹی سی گولی کی طرح دکھائی دینے والی نوچ شامل کی ہے، جسے ایپل نے ڈائنامک آئی لینڈ کا نام دیا ہے۔

اس نوچ میں فرنٹ کیمرا اور فیس آئی ڈی سسٹم دیا گیا ہے۔ یہی نہی بلکہ نوٹی فکیشن کے دوران یہ 'ڈائنامک آئی لینڈ' پاپ اپ کرے گا بلکہ اس کا سائز بھی نوٹی فکیشن کے حساب سے تبدیل ہوجائے گا۔
آئی فون 14 پرو اور پرو میکس کا ڈسپلے کا سائز تو گزشتہ سال جیسا ہی ہے لیکن اس مرتبہ یہ زیادہ روشن ہے۔اس کے علاوہ ایپل نے پہلی مرتبہ اپنے ان ماڈلز میں 'آلویز آن ڈسپلے' کا فیچر بھی متعارف کرایا ہے۔

ان دو نئے ماڈلز میں اب تک کی سب سے طاقت ور چپ اے 16 کا استعمال کیا گیاہے، اس کے علاوہ پہلی مرتبہ ایپل نے اپنے کیمروں کے میگا پکسل کو پرو ماڈلز میں بڑھایا ہے۔

آئی فون 14 پرو اور پرو میکس میں ایپل کا مرکزی کیمرہ 48 میگا پکسل کا ہے، جو بہتر تصویروں میں صارفین کو ایک نیا تجربہ فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ دیگر دو کیمرے 12، 12 میگا پکسل کے رکھے گئے ہیں۔

ایپل نے آئی فون 14 کی پوری لائن اپ میں نیا 'کریش ڈیٹیکشن' فیچر اور سیٹلائٹ کے ذریعے ہنگامی پیغام رسانی یعنی 'ایمرجنسی ایس او ایس ویا سیٹلائٹ' کا فیچر متعارف کرایا ہے۔

کریش ڈیٹیکشن اور ایمرجنسی ایس او ایس ویا سیٹلائٹ کیا ہے؟

آئی فون پر کریش ڈیٹیکشن کا یہ فیچر کسی سڑک حادثے کی صورت میں صارف کی حالت بگڑنے یا آئی فون تک رسائی نہ ہونے کی صورت میں خودکار طریقے سے ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کر سکتا ہے۔

اسی طرح ایمرجنسی ایس او ایس کاا سیٹلائٹ فیچر سافٹ ویئر اور دیگر ٹیکنالوجی کی مدد سے اینٹینا کو براہِ راست سیٹلائٹ سے منسلک کرسکتا ہے اور سیلولر نیٹ ورک یا وائی فائی کی کوریج نہ ہونے کی صورت میں ایمرجنسی سروسز سے رابطے کے لیے پیغام رسانی کرسکتا ہے۔
آئی فونز کی قیمت کیا ہے؟

آئی فون کی نئی لائن اپ کی قیمت گزشتہ برس کی طرح ہی رکھی گئی ہے۔ آئی فون 14 کی قیمت 799 ڈالر(ایک لاکھ 77 ہزار پاکستانی روپے بلا ٹیکس)، آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 ڈالر(دو لاکھ پاکستان روپے) سے شروع ہوتی ہے۔ ٹیکس کے ساتھ اس کی ممکنہ قیمت چارسے  پانچ لاکھ روپے ہوگی۔

آئی فون 14، سولہ ستمبر جب کہ پلس ماڈل سات اکتوبر سے دستیاب ہوگا۔

آئی فون 14 پرو کی قیمت 999 ڈالر جب کہ پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالر سے شروع ہوتی ہے اور یہ دونوں ماڈلز 16 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

 ایپل کی کتنی  نئی اسمارٹ واچز آئی ہیں؟

ایپل نے اس ایونٹ میں مجموعی طور پر تین نئی واچز متعارف کرائی ہیں جس میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز واچ الٹرا ہے۔

یہ واچ خاص طور پر اسپورٹس ایتھلیٹس کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جس میں 49 ایم ایم کا ٹائٹینیم کیس دیا گیا ہے جو اسے ٹوٹ پھوٹ سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کھیلوں سے متعلق دیگر فیچر کے لیے ایک بٹن بھی دیا گیا ہے۔

ایپل کی دوسری نئی واچ سیریز 8 ہے جس میں اس مرتبہ دو نئے درجۂ حرارت کے سینسرز دیے گئے ہیں۔ یہ گھڑی ہر پانچ سیکنڈ میں آپ کا درجۂ حرارت دیکھتی ہے اور ایپل کا کہنا ہے کہ یہ 0.1 ڈگری سینٹی تک درجۂ حرارت میں تبدیلی کا پتا لگا سکتی ہے۔

ایپل نے واچ ایس ای کا نیا ورژن بھی متعارف کرایا ہے جس میں ایس 8 چپ دی گئی ہے جو 2020 کے ماڈل کے مقابلے میں اسے 20 فی صد تیز بناتی ہے۔

کمپنی کی متعارف کردہ واچ الٹرا کی قیمت 799 ڈالر، واچ 8 جی پی ایس کی قیمت 399 اور سیلولر کی کم سے کم قیمت 499 ڈالر ہے۔ اسی طرح واچ ایس ای کے جی پی ایس ماڈل کی قیمت 249 اور سیلولر کی قیمت 299 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

مزیدخبریں