انسٹاگرام کو 40 کروڑ 50 لاکھ یورو کا جرمانہ عائدکردیاگیا

Sep 08, 2022 | 10:43 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: آئرش ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن نے میٹا کی ذیلی کمپنی انسٹاگرام پر جنرل ڈیٹا پروٹیکشن قواعد (GDPR) کی خلاف ورزی کرنے پر 40 کروڑ 50 لاکھ یورو کا جرمانہ عائد کردیا۔

آئرش ادارے کی جانب سے میٹا کےپلیٹ فارمز پر عائد کیا گیا یہ تیسرا جرمانہ ہے۔ البتہ یہ جرمانہ مالیت کے اعتبار سےاب تک کا دوسرا بڑا جرمانہ ہے۔ سب سے زیادہ جرمانہ 74 کروڑ 60 یوروز کی مالیت کا تھا جو ایمازون پر عائد کیا گیا تھا۔

آئرش کمیشن کی جانب سے جرمانے کی تصدیق کردی گئی لیکن کمیشن مزید کسی قسم کا کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

کمیشن کی جانب سے انسٹاگرام پر بچوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی یعنی بچوں کے ای میل ایڈریس اور فون نمبر شائع  کرنے کی وجہ سے عائد کیا گیا یہ جرمانہ میٹا کی کسی بھی ذیلی کمپنی پر اس سے قبل لگائے جانے والے جرمانے سے زیادہ ہے۔

آئرش کمیشن میں ابھی بھی میٹا کی ذیلی کمپنیوں کے حوالے کم از کم 6 مزید تحقیقات موجود ہیں۔

میٹا ترجمان کے مطابق یہ تحقیقات پُرانی سیٹنگز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کی گئیں جن کو کمپنی کی جانب سے ایک سال قبل اپ ڈیٹ کردیا گیا تھا اور تب سے اب تک کمپنی نے کئی نئے فیچر متعارف کرائے تاکہ نوعمروں کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے اور ان کی معلومات خفیہ رہے۔

مزیدخبریں