ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال، امریکا کا پاکستان سے 45 کروڑ ڈالر کا معاہدہ

Sep 08, 2022 | 09:12 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: امریکی وزارتِ دفاع نے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال کے لیے آلات اور سروسز کی مد میں 45 کروڑ ڈالر کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دے دی ہے,اس معاہدے میں پرنسیپل کانٹریکٹر امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن ہو گی۔

بدھ کو وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کے ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور ان سے متعلق آلات اور سروسز کی مد میں ممکنہ طور 45 کروڑ ڈالر کے معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق امریکہ کی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی نے اس حوالے سے مطلوبہ سرٹیفیکیشن فراہم کر دی ہے جس کے بعد آج کانگریس کو اس ممکنہ فروخت کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ماضی کی طرح ایف 16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کو برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ پاکستان ایئر فورس کے ایف 16 بیڑے کی معاونت کی جا سکے اور اس حوالے سے مزید عوامل بھی شامل کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ جولائی 2019 میں امریکی محکمہ دفاع نے پاکستان کو ایف 16 جنگی جہازوں کی دیکھ بھال کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا، اور یہ سلسلہ اس سے پہلے بھی ایسے ہی جاری تھا۔

پاکستان کے پاس مجموعی طور پر 85 ایف سولہ طیارے ہیں جن میں سے 66 پرانے بلاک 15 طیارے ہیں اور 19 جدید ترین بلاک 52 ہیں۔ یہ طیارے امریکی ٹیکنیکل سکیورٹی ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔

مزیدخبریں