فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں  بانی پی ٹی آئی  بھی واضح کرچکے ہیں ، علی امین   گنڈاپور  

Oct 08, 2024 | 19:40 PM

ایک نیوز: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوج ہماری ہے اس سے ہماری کوئی لڑائی نہیں ہے ،  بانی پی ٹی آئی  بھی اس حوالے سے واضح کرچکے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق  صوبائی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے  انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس پر رینجرز اور پولیس نے دھاوا بولا، مجھے گرفتاری کا کوئی خوف نہیں لیکن اس روز مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ میری گرفتاری وقار کے ساتھ نہیں ہوگی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے جلوس پر شیلنگ کی گئی جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، ہم نے احتجاجاً سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا کیونکہ جلسوں کی اجازت نہیں دی جارہی تھی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہمیں مویشی منڈیوں میں جلسوں کی اجازت دی گئی جیسے ہم کوئی جانور ہوں، ہم خیبرپختونخوا ہاؤس آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے  کیلئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں کے پی ہاؤس سے نکلا تو میرے پاس نہ موبائل تھا اور نہ جیب میں پیسے، واپسی پر جب میں ایک ڈی پی او کے گھر گیا تو اس نے کہا کہ سر! میرا نام نہیں لینا میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں میری نوکری چلی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم سے ایسا سلوک کیا گیا جیسے ہم کوئی دہشتگرد ہوں، جو بھی بانی پی ٹی آئی سے منافقت کرے اللہ اسے اور اس کے خاندان کو غرق کرے، قوم کسی کی باتوں میں نہ آئے، ہمارے کارکنوں کے جذبے سے حکمرانوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

علی امین گنڈاپورنے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کو وارننگ دی کہ اگر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو اسلام آباد پر دھاوا بولیں گے۔ 

مزیدخبریں