ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا ۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غزہ اور فلسطین میں پاکستان کی جانب سے امدادی سامان بھیجنے کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس ہوا، وزیراعظم کو فلسطین میں بھجوائے گئے امدادی سامان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک پاکستان کی جانب سے 1810 ٹن پر مشتمل ادویات، غذائی سامان، ملبوسات اور دیگر امدادی اشیاء کی دس کھیپ فلسطین بھیجی جا چکی ہیں، مزید پاکستانی شہریوں کو جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات لیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے تین دن میں حکومت پاکستان کی جانب سے فلسطین کے لیے امدادی پروگرام کا لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا صیہونی افواج کے زیر عتاب فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے ہمیں بحیثیت قوم متحرک ہونا پڑے گا، امدادی سرگرمیوں میں ملک کی معروف این جی اوز کو شامل کیا جائے، غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ طلبہ کو پاکستان میں تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، اس سرگرمی میں سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے تعلیمی اداروں کی شرکت یقینی بنائی جائے، حکومت پاکستان لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے ۔