پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے  تاریخی پروگرام  کی منظور ی 

Oct 08, 2024 | 17:46 PM

 ویب ڈیسک: پنجاب میں اجتماعی شادیوں کا تاریخی پروگرام منظور ہوگیا، جس میں سلامی اور قیمتی تحائف بھی  دیئے جائیں گے۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں 3 ہزار غریب خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دی گئی۔

اجتماعی شادی منصوبے کے تحت دلہن کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی، اس کے علاوہ فرنیچر، ملبوسات، ڈنر سیٹ سمیت استعمال کی13 اشیا بھی تحفے کے طور پر دی جائیں گی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اجتماعی شادیوں کا دائرہ مزید بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں صوبے بھر میں عارضی کاشت  کیلئے ایک لاکھ ایکڑ 3اور 5 سال کیلئے لیز پر بے زمین کاشتکاروں کو الاٹ کرنے کی منظوری بھی دی گئی، علاوہ ازیں پنجاب میں ای بس سروس اسکیم کی منظوری دی گئی، جس کے پہلے مرحلے میں 27 بسیں آئیں گی، ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ  کیلئے 1.2 میگا واٹ سولر پینل لگائے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فنکشنل ہو جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی کا پلان طلب کر لیا، انہوں نے صوبے بھر میں آٹا اور چکن کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا،اس کے علاوہ الحمرا لاہور میں اجوکا تھیٹر فیسٹول کے لیے 10 ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ 

مزیدخبریں