ایک نیوز: قومی ادارہ صحت نے ملک میں نیپا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہرکردیا۔وفاقی اور صوبائی ہیلتھ اتھارٹیوں کو ا نتباہی مراسلہ ارسال کردیا۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ بھارتی سرحدی علاقوں میں موجود چمگادڑ سے نیپا وائرس پاکستان منتقل ہوسکتا ہے، متاثرہ چمگادڑ کے کھائے پھل سے نیپا وائرس انسان میں منتقل ہوسکتا ہے۔
قومی ادارہ صحت کا کہنا ہےکہ نیپا وائرس کی علامات 5 تا 14 دن تک رہ سکتی ہیں،سر درد، بخار اور سانس لینے میں دشواری نیپا وائرس کی علامات ہیں، جی متلانا، قے، پٹھوں میں درد اور غنودگی بھی نیپا وائرس کی علامات ہیں۔
قومی ادارہ صحت نےکہا ہےکہ ائیرپورٹ اور سرحدی مقامات پر مؤثرسرویلینس یقینی بنائی جائے، نیپا وائرس کے علاج کے لیے اینٹی وائرل یا ویکسین دستیاب نہیں ہے۔
خیال رہےکہ بھارت میں نیپا وائرس کے متعدد کیس سامنے آئے ہیں، یہ کیس جنوبی ریاست کیرالہ میں سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا میں مہلک وبائی وائرس نیپا سے اب تک متعدد افراد ہلاک جب کہ 700 سے زائد متاثر ہو چکے ہیں۔