بجلی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بےتحاشہ اضافہ: جماعت اسلامی آج دھرنا دےگی

بجلی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بےتحاشہ اضافہ: جماعت اسلامی آج دھرنا دےگی
کیپشن: Huge increase in the prices of electricity, petroleum products: Jamaat-e-Islami will stage a sit-in today

ایک نیوز: بجلی کےاضافی بلز اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کےخلاف جماعت اسلامی آج گورنر ہاؤس سندھ کے باہر دھرنا دے گی۔ 

تفصیلات کے مطابق احتجاج کی قیادت امیرجماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ جس کا آغاز بعد از نماز عصر صدر مسجد خضریٰ سے کیا جائے گا۔ سراج الحق کی قیادت میں شرکاء پیدل گورنر ہاؤس پہنچیں گے۔ 

انتظامیہ نے ریڈزون کو کسی بھی احتجاج سے محفوظ رکھنے کیلئے گورنر ہاؤس کی سڑک پر کنٹینرز لگا دیے ہیں۔ انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کوشش ہوگی کہ شرکاء پرامن رہیں۔

گورنرسندھ کا حافظ نعیم الرحمان کو فون:

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ گورنر سندھ نے دھرنے کے شرکاء کے لئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اپنے بیان میں گورنر سندھ نے کہا ہے کہ دھرنے کے شرکاء کے لئے کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو مجھے ضرور بتائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو سلام بھی بھیجا ہے۔