ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف ہر بار پاکستان کو لگے زخم بھرے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ کبھی انتقام نہیں لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہبازشریف نے پارٹی کارکنوں کے جذبے کو سلام پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قائد نوازشریف کی واپسی سے عوام کے حوصلے بلند ہوئے، کارکنوں کو نیا جذبہ ملا۔
نوازشریف کی واپسی ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے۔ قوم کا اتحاد، معاشی بحالی اور مہنگائی سے عوام کی نجات نوازشریف کا مشن ہے۔ نوازشریف کی آمد پاکستان کی معاشی ترقی وخوش حالی کی تیاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی بار نوازشریف کا وزیراعظم بننا پاکستان کی معاشی ترقی کا چوتھا موقع ہوگا۔ چوتھی بار نوازشریف کا وزیراعظم بننا مہنگائی سے چوتھی بار عوام کی جان چھڑانا ہوگا۔ ہر بار گری ہوئی معیشت اور قومی وقار کو نوازشریف نے ہی سنبھالا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہر بار نوازشریف کو زخم لگے، ہر بار نوازشریف نے پاکستان کو لگے زخم بھرے۔ تاریخ گواہ ہے کہ نوازشریف نے کبھی انتقام نہیں لیا۔ مسلم لیگ (ن) اور اس کا ہر کارکن پاکستان کی ترقی کی ٹیم ہے۔ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ڈیلیور کیا، ہر وعدہ پورا کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی ترقی اور مہنگائی سے عوام کی نجات کی لکیر صرف نوازشریف کے ہاتھ میں ہے۔ کارکن جس جذبے سے اپنے قائد کی استقبال کی تیاریاں کررہے ہیں، وہ متاثر کن ہیں۔