ایک نیوز: لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں نواز شریف کو نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی کو باہر نکالا گیا۔ اب بھی ان کی واپسی کے اعلان پر فتنہ فساد پارٹی شور مچا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما عظمیٰ بخاری نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک دلچسپ ملک ہے۔ جسے تجربہ گاہ کے طورپر استعمال کیاجاتا رہا۔ کبھی پاکستان لیبارٹری میں مختلف لیڈر ٹیسٹ کئے گئے کچھ سیاسی مدت پوری کرکے سازش کا شکار ہوکر دنیا سے چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف ملک کے اس وقت واحد لیڈر ہیں جو تجربہ کے حساب و ملکی خدمت کے لحاظ سے تین بار وزیراعظم رہے، وقت و حالات کی ستم ظریفی ہے کسی نہ کسی سازش کے تحت نوازشریف کو اقتدار سے باہر نکالا گیا۔ نوازشریف کو جب بھی اقتدار سے نکالا گیا تو کہا گیا وہ قصہ پارینہ ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اب 21 اکتوبر کو نوازشریف کی واپسی کا اعلان ہوا۔ تب سے فتنہ فساد پارٹی شور مچا رہی ہے۔ اس جماعت نے لوگوں کو لنگر خانے دیے۔ ایک کروڑ نوکریوں کے بجائے انڈے مرغی اور کٹے دیے۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ جب ملک میں بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی رہی تو اس بڑے جن کو نوازشریف نے بند کیا، بجلی بحران اور دہشت گردی کے باعث جب سرمایہ کاری چلی گئی تو نوازشریف سی پیک لائے لیکن ترقی کا ڈراپ سین نوازشریف کو نہیں پاکستان کی خوشحالی کا باہر نکالا گیا۔