ایک نیوز نیوز :آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ،کسی گروہ یا ملک کوپاکستان میں سیاسی و معاشی عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کاکول میں 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلیے ہروقت تیار ہیں۔ پاکستان کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔
کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ ایک عظیم بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔ اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلیے بہت قربانیاں دیں۔ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔ تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا۔
کیڈٹس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہا ہے کہ آگے کا سفر آپ کیلئے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا۔ آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے۔ ملک کی حفاظت،عزت اور بہتری کیلیے آپ کو کام کرنا ہے۔ آپ کو ملک کی سالمیت کیلیے قربانیاں دینا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔