وزیر اعظم نے بجلی سہولت پیکیج  کا اعلان  کردیا 

Nov 08, 2024 | 20:06 PM

ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ’بجلی سہولت پیکیج ‘دینےکا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں یوم اقبال کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  کہ انڈومنٹ فنڈ کےذریعے لاکھوں ہونہار طلبا کو وظائف دیئے گئے، دسمبر، جنوری، فروری کیلئےبجلی سہولت پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے، بجلی سہولت کا پیکیج کا اطلاق دسمبر2024سے ہو گا، گھریلو صارفین کیلئےاضافی بجلی پر فلیٹ ریٹ 26روپے7 پیسے ہو گا، بجلی صارفین کو34 سے47فیصد تک بچت ہوگی۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کےفلسفے اورخودی کے پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفکر پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے، ایران، ترکیہ مشرق وسطیٰ والے بھی اقبالؒ کے کلام سے واقف ہیں، برصغیرسمیت عالمی سطح پر بھی اقبال کا کلام اثر رکھتا ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ معاشی جکڑبندیوں کی وجہ سے ہم معاشی طورپرآزاد نہیں ہیں، اقبالؒ کے پیغام کو فراموش کرنے کی وجہ سے ہم منزل سے دور ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اخراجات کنٹرول کرنے کیلئےاقدامات اٹھائے ہیں، ملک کی معاشی صورتحال بھی آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے، ہم نے اخراجات پر قدغن لگائی ہے، دھیان سے فیصلے کرتے ہیں، ایک خوشخبری دینا چاہتا ہوں، معاشی صورتحال بہتر اور مہنگائی6.7فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شرح سود22 فیصد سے کم ہو کر15فیصد پر آگئی ہے، حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، پنجاب میں وسائل سے محروم طلبا کو آگے بڑھنے کیلئے مواقع دیئے جاتے ہیں۔  

مزیدخبریں