پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ کونسل طلبہ کی ذہن سازی میں ملوث ہے، سابق بی ایل اے کمانڈر

پنجاب یونیورسٹی میں بلوچ کونسل طلبہ کی ذہن سازی میں ملوث ہے، سابق بی ایل اے کمانڈر
کیپشن: Baloch Council in Panjab University is involved in student brainstorming, former BLA commander

ویب ڈیسک:سابق بی ایل اے کمانڈر طلعت عزیز کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں ایسے طلبہ سے رابطہ ہوا جو بلوچستان سے ناراض ہوئے اور یونیورسٹی میں بلوچ کونسل طلبہ کی ذہن سازی میں ملوث ہے۔

تفصیلات کےمطابق  کوئٹہ میں صوبائی حکام کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بی ایل اے چھوڑ کر ہتھیار ڈالنے والے سابق کمانڈر طلعت عزیز نے انکشاف کیا کہ بی ایل اے کے دہشتگرد قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، مجھے پہاڑوں میں جا کر نئی زندگی گزارنے کی ترغیب دی گئی۔

سابق کمانڈر طلعت عزیز نے بتایا کہ کالعدم بی ایل اے کے دہشت گرد کہتے ہیں کہ ان کی دشمنی پنجابیوں سے ہے جبکہ لاپتا افراد کا ڈرامہ رچا کر کالعدم بی ایل اے دہشتگرد کارروائیوں میں بھی ملوث ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں پنجاب یونیورسٹی میں سیاسیات کے تھرڈ سمسٹر کا طالب علم تھا اور پنجابیوں کے ساتھ ہی پڑھتا تھا لیکن مجھے گمراہ کیا گیا، مجھے اتنا گمراہ کیا گیا میں نے اپنے والد اور خاندان کی عزت کا بھی نہیں سوچا۔

طلعت عزیز نے بتایا کہ جب میں نے ان کی ملک توڑنے کی سازش کا جائزہ لیا تو مجھے احساس ہوا کہ غلط لوگوں کے ہاتھ آگیا ہوں، میں تمام بلوچ بہن بھائیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ایسے لوگوں کی باتوں میں نہ آئیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی

اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف  ہم سب مل کر کام کر رہے ہیں اور لورالائی میں دہشتگردوں کیخلاف  باقاعدہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا، کارروائی کے دوران پکڑے گئے دہشتگردوں سے اہم معلومات بھی ملیں۔

انہوں نے کہا کہ دکی میں دہشتگرد بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں، دہشتگرد اپنی کارروائیوں میں معصوم بچوں کو بھی استعمال کر رہے ہیں، دہشتگردوں کے نیٹ ورک کو پکڑ رہے ہیں۔

عبدالرحمان کھیتران

صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ دہشتگرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ریاست کیخلاف  جو جائے گا وہ دہشتگرد ہوگا، آپ کو آزادی چاہیے تو قلم سے لیں لیکن بندوق کی گولی آزادی نہیں دلوا سکتی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گرد بلوچ روایات کو پامال کر رہے ہیں لیکن دہشتگردوں کے خلاف ریاست گھیرا تنگ کر رہی ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے کہا کہ 25 اور 26 اکتوبر کی رات معصوم لوگوں کو بلوچستان میں شہید کرنے والے بلوچ نہیں بلکہ دہشت گرد تھے، بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے امن کیلئے کام کر رہے ہیں۔