بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور

بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور
کیپشن: Bail granted in 4 cases of founder PTI on May 9

ویب ڈیسک:لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔

بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ہوئی، اے ٹی سی جج ارشد جاوید نے درخواستوں پر سماعت کی۔

آج عدالت نے مزید دلائل دینے کیلئےوقت دینے کی درخواست خارج کردی، بانی پی ٹی آئی کے وکلا نے مزید دلائل دینے کیلئےدرخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد نیا نکتہ سامنے آیا ہے، عدالت مزید دلائل کیلئےوقت دے۔

عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر سے کہا کہ آپ پہلے ہی اپنے دلائل دے چکے ہیں، آج پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ نے دلائل مکمل کیے ہیں، بار بار دلائل سے وقت ضائع ہو گا، اب ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ ہونا چاہئے۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بیانیہ بنایا کہ اگر گرفتاری ہو تو یہ سب کچھ کرنا ہے، قیادت نے عمران خان کی ہدایات کے مطابق حساس تنصیبات پر حملے کیے۔

پراسیکیوٹر جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کی جائیں۔

پراسیکیوٹر جنرل فرہاد علی شاہ کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

رپورٹ کے مطابق عمران خان کی مسلم لیگ (ن) کا آفس جلانے اور کلمہ چوک پر کینٹیر جلانے سمیت دیگر مقدمات میں ضمانتیں منظور ہوئی ہیں۔