ایک نیوز: وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئندہ 3سال میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کیلئے پر عزم ہیں۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم سے وی آن گروپ کے چیئرمین جناب آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کیلئےکوشاں ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئےاقدامات کیے جا رہے ہیں۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں تیز تر اور قابل اعتماد انٹر نیٹ سروسز کیلئے5 جی انٹرنیٹ کی سروسز متعارف کرانے کیلئےاقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 5 جی سروسز کی بدولت ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کا حصول ممکن ہو سکے گا۔
وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کیش لیس اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی کام سیکٹر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، وی آن کی سبسیڈئری ’’جاز‘‘ گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونی کیشن اور فنانشل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار کر رہا ہے، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالےسے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وفد نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام کے حوالے سے حکومتی کوششوں کی تعریف کی اور گفتگو میں کہا کہ پاکستان آئی ٹی و ٹیلی کام کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم ملک بن چکا ہے۔
ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔