پاکستان ویمنز اے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز جیت لی

پاکستان ویمنز اے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز جیت لی
کیپشن: پاکستان ویمنز اے نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز جیت لی

ایک نیوز :پاکستان ویمنز اے نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے فائنل میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو 8وکٹوں سے شکست دیدی۔

بدھ کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان ویمنز اے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 97رنز سکور کئے۔جواب میں پاکستان ویمنز اے نے15.5اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی اننگز میں صرف قیانا جوزف ہی قابل ذکر بیٹنگ کرپائیں ،انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 35رنز اسکورکئے،

انہوں نے شابیکا کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 59رنز کا اضافہ کیا، شابیکا کا انفرادی اسکور 10رنز رہا۔ کپتان راشادا ولیمز نے ایک چوکے کی مدد سے 18رنز بنائے،پاکستان ویمنز اے کی طرف سے کپتان رامین شمیم اور عمیمہ سہیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان ویمنز اے کی اننگز میں شوال ذوالفقار نے چار چوکوں کی مدد سے 39رنز بنائے اور وہ ناٹ آئوٹ رہیں۔

گل فیروز نے تین چوکوں کی مدد سے23رنز اسکور کئے جبکہ عمیمہ سہیل ایک چوکے کی مدد سے 20رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔ شوال اور عمیمہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 46رنز کا اضافہ کیا،اس سہ فریقی سیریز میں شریک تیسری ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز تھی۔پاکستان ویمنز اے لیگ کے دونوں میچ جیت کر فائنل میں پہنچی تھی،اس نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو 12رنز سے اور دوسرے میچ میں تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کو 28 رنز سے ہرایا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔